#OpenPoetry ٹوٹ کر نیند نے آنکھوں کا بھرم توڑ دیا صبح کے شور میں اک خواب نے دم توڑ دیا پھینک کر سنگِ خموشی کسی دیوانے نے گنگناتی ہوئی ندی کا ردھم توڑ دیا اک صدی بیچ سے غائب ہوئی آوازوں کی ماترے گِنتے ہوئے وقت نے سم توڑ دیا میرے رستے کے علاوہ بھی کئی رستے تھے کیوں قدم رکھ کے مرا نقشِ قدم توڑ دیا کس نے دستار لپیٹی پئے تسکینِ جہاں کس نے وہ سلسلۂ جاہ و حشم توڑ دیا کثرتِ جذب میں دوری کو تسلسل دے کر عشق نے وصل کے ماروں پہ ستم توڑ دیا اس نے پوچھا کہ کوئی آخری خواہش آزر میں نے اک نام لکھا اور قلم توڑ دیا